سپریم کورٹ نے ریلوے کی زمین کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی، پابندی کے باوجود اراضی فروخت کرنے پر وزارت ریلوے سے جواب طلب

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:38

سپریم کورٹ نے ریلوے کی زمین کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی، پابندی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ نے ریلوے کی زمین کی فروخت کرنے پر فوری پابندی عائد کر تے ہوئے پابندی کے باوجود اراضی فروخت کرنے پر وزارت ریلوے سے جواب طلب کرلیا ہے اورکیس کی مزیدسماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے ، جمعہ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پرچیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین صرف وفاقی حکومت ہی فروخت کرسکتی ہے۔

ریلوے نہیں، عدالت کوبتایا جائے کہ ریلوے ریاست کی زمین کس طرح فروخت کر سکتی ہے جبکہ ریلوے کی زمین تحفہ میں بھی کسی کو نہیں دی جاسکتی ، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ ریلوے کی زمین فروخت اور ٹرانسفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین ریاست کی ملکیت ہے ریاست نے زمین ریلوے کو استعمال کے لئے دے رکھی ہے لیکن اس کی فروخت غیر قانونی ہے،ریلوے بطور ادارہ ریاست کی ملکیتی اراضی فروخت نہیں کر سکتا، عدالت کے روبرو ریلوے کے وکیل نے موقف اپنایاکہ ریلوے زمین فروخت کرنے پر پابندی 2009ء میں لگائی گئی ہے لیکن اس کے باوجود اراضی کی فروخت کی جارہی ہے جس پرعدالت نے ریلوے کی ملکیتی اراضی کی فروخت پرپابندی لگاتے ہوئے ریلوے سے جواب طلب کرلیا اورمزید سماعت ملتوی کردی ۔