ایبٹ آباد میں خسرہ سے بچائو کیلئے مہم 15 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل

منگل 9 اکتوبر 2018 23:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آبا ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں خسرہ سے بچائو کیلئے مہم 15 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔ خسرہ بچائو مہم 27 اکتوبر تک جاری رہے گی، والدین محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے 9 ماہ سے پانچ سال کے بچوں کیلئے خسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں، ضلع ایبٹ آباد میں 202 ٹیمیں 2 لاکھ 16 ہزار بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔

وہ منگل کو ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ای پی آئی پروگرام کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسامہ بشیر، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے ضلعی انچارج ڈاکٹر شہزاد اعوان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ خسرہ مہم چار سال کے وقفہ سے شروع ہو رہے ہیں، گذشتہ سال ملک بھر میں خسرہ کے 250 جبکہ رواں سال492 کیس سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جن والدین نے چار سال قبل اپنے بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگوائے، وہ اس مہم کے دوران بھی اپنے بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگوا سکتے ہیں، خسرہ سے بچائو کے ٹیکوں کا کوئی ری ایکشن سامنے نہیں آتا اس لئے والدہ کسی خوف کے بغیر اپنے بچوں کو اس مرض سے بچانے کیلئے خسرہ بچائو کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ اس موقع پر ای آئی پی کے ضلعی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسامہ بشیر نے بتایا کہ ضلع ایبٹ آباد کے تمام ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں محکمہ صحت کی ٹیمیں موجود ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :