حکومت خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے، مشتاق احمد غنی

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:46

حکومت خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے، ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ حکومت خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے ۔انہوںنے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ خواجہ سراؤں کے لئے مختلف قسم کے ٹریننگ پروگراموں کا انعقادکیا جائے ۔نیزان کیلئے قبرستان کا قیام عمل میں لایا جائے ۔

انہوںنے یہ ہدایات ٹرانس جینڈرایسوسی ایشن ،بلیووینزاین جی اوزاورمحکمہ سوشل ویلفیئرکے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک میٹنگ کے دورا ن سیکرٹری سوشل ویلفیئرکو دیں ۔سپیکرنے کہا کہ خواجہ سرا بھی باعزت پاکستانی شہری ہیں ان کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئراور این جی اوزمشترکہ طور پر خواجہ سراؤں کو معاشرہ میں بہترمقام دلانے کیلئے عوام میں شعوروآگاہی پیدا کرنے کیلئے مہم چلائیں ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے محکمہ سوشل ویلفیئرکو ہدایات دیں کہ خواجہ سراؤں کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام مرتب کئے جائیں تاکہ وہ ٹریننگ حاصل کرنے کے بعداپنے لئے باعزت روزگار کا انتخاب کر سکیں ۔اجلاس کے دوران خواجہ سراؤں کیلئے شناختی کارڈکے اجراء ،صحت کارڈ،تعلیم وتربیت،تعلیمی اداروں میں داخلے اور کاروبارکے لئے بینکوں سے قرضوں کی فراہمی سمیت حج وعمرہ کی ادائیگی کے ضمن میںمسائل پر قابوپانے پر تفصیلی بحث کی گئی ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت اوراین جی اوزکی جانب سے خواجہ سراؤں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کو بھیک مانگنے اور نا م نہادفنکشنوں سے نجات دلاکر باعزت مقام دلایا جا سکے۔سپیکر نے ہدایات دیںکہ خواجہ سراؤں کے مختلف النوع مسائل کے حوالے سے تما م متعلقہ محکموں کا ایک الگ اجلاس بلایا جائے تاکہ ان کے مسائل کا جامع حل تلاش کیا جاسکے۔

قبل ازیں ٹرانس جینڈرایسوسی ایشن کی صدرفرزانہ سمیت دیگر خواجہ سراؤں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کیا کہ انہیں معاشرہ مین بہت سی تکالیف برداشت کرنا پڑتی ہیں ۔خواجہ سراکی فوتگی کی صورت میں ان کی نماز جنازہ پڑھوانے میں دشواریاں پیش آنے کے ساتھ ساتھ ان کو دفنانے کیلئے قبرستان میںجگہ بھی بمشکل ملتی ہے ۔سپیکر نے یقین دھانی کروائی کہ خواجہ سراؤں کے تما م جائز مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :