ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے عظیم الشان منصوبہ 10 منزلہ جناح پلازہ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، سردار شجاع احمد

جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے عظیم الشان منصوبہ جناح پلازہ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، دس منزلہ پلازہ کی تعمیر سے نہ صرف ادارہ مالی طور پر مستحکم ہو گا بلکہ پارکنگ کی سہولت سمیت کاروبار کو وسعت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد نے ٹی او ایف غلام حسین، بجٹ آفیسر شوکت کیانی، انجینئر ناصر خان و دیگر سٹاف سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تحصیل نائب ناظم نے کہا کہ تحصیل حکومت ایبٹ آباد کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ سردار شجاع احمد نے کہا کہ جناح پلازہ کی تعمیر سے شہریوں کو ریلیف ملے گا اور پارکنگ سمیت دیگر مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی، جناح پلازہ کی تعمیر پر 55 کروڑ روپے لاگت آئے گی، 400 کے قریب دکانیں اور فلیٹس بنیں گے جبکہ 300 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے دو سال کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔