اردنی عوام کا سرحدی قصبوں سے اسرائیلی تسلط ختم کرانے کا مطالبہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 11:30

عمان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) اردن میں سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے زیرتسلط سرحدی قصبوں "الباقور" اور "الغمر" سے اسرائیل کو نکال باہر کرے اور دونوں علاقوں کو اردن کی سرزمین میں شامل کیا جائے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرے کا اہتمام ان علاقوں کو اسرائیل سے واپس لینے کے لیے قائم کردہ قومی کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ "الباقور" اور "الغمر" کے بغیر اردن کی سرزمین نامکمل ہے، حکومت اس حوالے سے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جب کہ دشمن 70 سال سے ہمارے علاقوں پر غاصبانہ قبضہ جمائے بیٹھا ہے۔ادھر اردن کے 85 رکنی پارلیمان نے ایک پارلیمانی دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں الباقور اور الغمر پر اسرائیلی قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہتحریک بحث کے لیے جلد ہی اردن کی پارلیمنٹ میں بھی پیش کی جائے گی۔