اٹلی کا بجٹ خسارہ بڑھ کر مجموعی قومی پیداوار کے 2.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان

موڈیز نے بڑھتے قرضوں اور مالی خسارے کے خدشات کے پیش نظر اٹلی کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 14:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ’’ موڈیز‘‘ نے بڑھتے قرضوں اور مالی خسارے کے خدشات کے پیش نظر اٹلی کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی۔نئی ریٹنگ بی اے اے 3 سے کم کرکے بی اے ای2 مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں اٹلی کی کمزور مالی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت آئندہ سالوں کے دوران بھاری بجٹ خسارے میں اضافے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جبکہ موجودہ قرضہ مجموعی قومی پیداوار کے 130 فیصد سے زیادہ ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ حکومت نے یورپی یونین میں بجٹ 2019 ء کے حوالے سے ایک پلان پیش کیا ہے جس میں مالی خسارے کے خدشات کے باوجود کئی سالوں سے جاری اصلاحات پالیسی کو چھوڑ کر اخراجات میں اضافے کی پالیسی عیاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں اٹلی کا بجٹ خسارہ بڑھ کر مجموعی قومی پیداوار کے 2.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، حکومت نے اس کی شرح مجموعی قومی پیداوار کے 0.8 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کررکھی ہے۔