ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم نہ کرنے پر نئی دہلی پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال شروع کردی

پیر 22 اکتوبر 2018 14:34

ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم نہ کرنے پر نئی دہلی پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ..
نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ڈیزل اور پٹرول پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی) کم نہ کرنے کی وجہ سے نئی دہلی پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیر سے ہڑتال شروع کردی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہڑتال کے باعث نئی دہلی میں پٹرول پمپ (آج) منگل کی صبح پانچ بجے تک بند رہیں گے۔ہڑتال کا اعلان دہلی پٹرول ڈیلرس ایسوسی ایشن نے کیا ہے۔

اس دوران تقریباً 400 پٹرول پمپ اور ان سے وابستہ سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مرکزی حکومت کے ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی کرنے اور نئی دہلی سے متصل بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت والی ریاستوں کے کمی کرنے سے وہاں پٹرول ڈیزل سستا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ اور اترپردیش کے پمپوں پر ڈیزل اور پٹرول سستا مل رہا ہے لیکن نئی دہلی حکومت کے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم نہ کرنے کے باعث یہاں پٹرول ڈیزل مہنگا ہے جس کی وجہ سے پٹرول پمپ مالکان کو نقصان ہورہا ہے۔ پٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔