5سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم درخواست ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ،

متاثرہ بچی کے والدین کی چیخ و پکار

پیر 22 اکتوبر 2018 14:53

5سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم درخواست ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) 5سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم درخواست ضمانت خارج ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ،پولیس کی جانب سے ملزم کو نہ پکڑنے پر متاثرہ بچی کے والدین چیخ و پکار کرتے رہے ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے منڈی فیض آباد کے رہائشی ملزم جواد انور کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف 5سالہ بچی پر زیادتی الزام لگا کر تھانہ منڈی فیض آباد میں جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم نے مہوش نامی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور ملزم پولیس کی تفتیش میں بھی تعاون نہیں کر رہا ۔ماتحت عدالت ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر چکی ہے ۔وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی جس کے بعد ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہو گیا۔ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور متاثرہ بچی کے والدین ملزم کی گرفتاری کے لیے چیخ و پکار کرتے رہے ۔