اس وقت بلوچستان کی اہم ضرورت انسانی وسائل کی ترقی ہے ہم جتنی سرمایہ کاری اس شعبہ پر کریں گے اتنا ہی بلوچستان اور یہاں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا،

انسانی وسائل کی ترقی میں یورپی یونین، جی آئی زیڈ اور دیگر اداروں کی معاونت کا خیرمقدم کیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کایورپی یونین کے نمائندے مسٹر ملکو وین گولاور جی آئی زیڈ کے پروگرام ڈپٹی کوآرڈینیٹر راجہ سعد خان سے ملاقات کے دوران بات چیت

منگل 23 اکتوبر 2018 23:12

اس وقت بلوچستان کی اہم ضرورت انسانی وسائل کی ترقی ہے ہم جتنی سرمایہ ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اس وقت بلوچستان کی اہم ضرورت انسانی وسائل کی ترقی ہے ہم جتنی سرمایہ کاری اس شعبہ پر کریں گے اتنا ہی بلوچستان اور یہاں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، انسانی وسائل کی ترقی میں یورپی یونین، جی آئی زیڈ اور دیگر اداروں کی معاونت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے نمائندے مسٹر ملکو وین گول (Mr.Milko Van Gool) اور جی آئی زیڈ کے پروگرام ڈپٹی کوآرڈینیٹر راجہ سعد خان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نورمحمد دمڑ اور چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی معاشی و سماجی ترقی کے لئے انہیں ٹیکنیکل ٹریننگ کی فراہمی کے ذریعہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر آگے لانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت محکمہ تعلیم، محکمہ صنعت اور محکمہ محنت و افرادی قوت کے زیراہتمام پولی ٹیکنک انسٹیوٹس اور فنی تربیتی ادارے کام کررہے ہیں تاہم ان کو زیادہ فعال اور مفید بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے صنعت کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے جو روزگار کی فراہمی کے بڑے ذرائع ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں جرمنی کے معاونتی پروگرام کے ذریعہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے ادارے قائم ہوئے جہاں سے کثیر تعداد میں نوجوان ہنرمند بن کر نکلے، اسی طرز پر مزید تربیتی اداروں کے قیام کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بی ٹیوٹا کو بھی فعال کرے گی اور سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فنی تربیتی شعبہ کی ترقی اور ترویج کی جائے گی۔ ملاقات کے دوران یورپین یونین اور جی آئی زیڈ کے تحت صوبے میں فنی تربیت کے فروغ کے لئے معاونت کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اداروں کے حکام نے صوبائی حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔