عالمی ڈرون ریسنگ چمپئن شپ آسٹریلوی نوجوان نے اپنے نام کرلی

پیر 5 نومبر 2018 17:46

عالمی ڈرون ریسنگ چمپئن شپ آسٹریلوی نوجوان نے اپنے نام کرلی
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) آسٹریلیا کے 15 سالہ لڑکے روڈی برائوننگ نے ورلڈ ایئر سپورٹس فیڈریشن (ایف اے آئی) ڈرون ریسنگ ورلڈ چمپئن شپ میں مجموعی طور پر کامیابی حاصل کر کے منفرد مقابلوں میں عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔چین کے شہر شینزن میں منعقدہ ایف اے آئی کے زیرانتظام مقابلے میں 120 سے زائد افراد نے حصہ لیا جہاں روڈی برائوننگ نے فتح حاصل کی۔

چین میں منعقدہ ان مقابلوں میں خواتین کی کٹیگری بھی شامل تھی جس میں تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 11 سالہ وانرایا واناپونگ نے چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔پائلٹ ڈرونز کو ان کے طیارے میں نصب کیمرے سے جڑے خصوصی ہیڈ گیئر سے کنٹرول کررہے تھے۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے چمپئن ریسر نے فائنل میں 3 پائلٹس کو زیر کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا اور 24 ہزار ڈالر نقد انعام بھی حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

ایف اے آئی سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ کامیابی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ میںاب تک جھول رہا ہوں کیونکہ میں سب کی طرح ریس میں بہت دفعہ اوپر نیچے ہوتا رہا ہوں اور یہ بہت ہی بڑی کامیابی ہے۔وانرایا واناپونگ مقابلے میں حصہ لینے والی 13 خواتین میں سے ایک تھیں جبکہ ان کی کوچنگ ان کے والد خود کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں جب سکول نہیں جاتی تھیں تو روزانہ پرواز کرتی تھیں۔خیال رہے کہ ڈرون ریسنگ دنیا میں تیزی سے ابھرتا ہوا ایک کھیل ہے اور ایف اے آئی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مختلف مقابلے ہورہے ہیں۔ڈرون ریسنگ کے مقابلے کو چین کے مقامی نشریاتی اداروں سمیت دنیا بھر کے اسپورٹس چینلز نے براہ راست دکھایا۔