این بی ایف کو دیکھ کر لگا کہ ملک میں علمیت کا شوق ابھی بیدار ہی: بیرسٹر فروغ نسیم

وفاقی وزیر قانون و انصاف کا نیشنل بُک فائونڈیشن کا دورہ، یادگاری پودا لگایا

جمعہ 9 نومبر 2018 18:33

این بی ایف کو دیکھ کر لگا کہ ملک میں علمیت کا شوق ابھی بیدار ہی: بیرسٹر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2018ء) نیشنل بُک فائونڈیشن فروغِ کتاب کے لیے قابلِ تحسین خدمات پیش کر رہا ہے۔ این بی ایف میں آکر محسوس ہوا کہ ملک میں علمیت کا شوق ابھی بیدار ہے۔ این بی ایف کی مطبوعات کا معیار اعلیٰ ہے اور قیمتیں بہت کم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے گزشتہ روز نیشنل بُک فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر کیا۔

اُن کی آمد پر ایم ڈی این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے افسران کے ہمراہ اُن کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر نے این بی ایف بک پارک ’’فراغتے و کتابے و گوشہٴ چمنے‘‘ میںگرین اینڈ کلین پاکستان کے حوالے سے یادگاری پودا لگایا اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد معزز مہمان نے ریڈرز بک کلب کی ممبر شپ حاصل کی جس کے تحت کتابیں خریدنے والوں کو کتابوں پر 55فی صد پُرکشش ڈسکائونٹ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

معزز مہمان کو کوچہٴ کتاب میں پاکستان پوسٹ کی طرف سے علمی مشاہیر کی ٹکٹوں پر مشتمل ’’ دیوارِ اعزاز‘‘ ،’’ابنِ خلدون کارنر‘‘،’’حافظ شیرازی کارنر‘‘ اور احمد فراز آڈیٹوریم دکھایا گیا۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے ’’این بی ایف نیشنل بُک میوزیم‘‘ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ انھوں نے میوزیم کا قدیمی تاریخی طرز کا دروازہ ، ڈیوڑھی ، اس میں آویزاں بُک وال کلاک اور خصوصی کارنرز سمیت رومی کارنر ، بک ٹری، شیکسپیئر کی کتب کا کارنر اور خاص طور پر قرآن گیلری کو بڑی دلچسپی سے دیکھا جہاں سونے کے پانی اور زبفت سے ہاتھ سے لکھے ہوئے صدیوں پُرانے مختلف سائزوں کے قرآن پاک اور حادثات میں محفوظ رہ جانے والے قرآنی نسخے رکھے ہیں۔

بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے بک میوزیم میں پلرز آف آٹو گراف پر اپنے آٹو گراف دیئے اور وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ مجھے این بی ایف میں آکر بہت طمانیت اور خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر فروغ نسیم کو این بی ایف کی مرکزی بک شاپ کا وزٹ کرایا گیا جہاں انھوں نے بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل بکس کا گوشہ اور این بی ایف کی نئی اور تازہ کتب کا گوشہ بھی دلچسپی کے ساتھ دیکھا۔اس موقع پر این بی ایف کے بک ایمبیسیڈرز میجر جنرل(ر) محمد طاہر، قیصرہ علوی، محبوب ظفراور ڈاکٹر امجد بھٹی نے وزیر محترم کو این بی ایف کی طرف سے شائع کردہ اپنی تصنیفات بھی پیش کیں۔