ایل آرسی اے انٹر زونل انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ،

گروپ اے میں مزید تین لیگ میچز کا فیصلہ نارتھ زون بلوز نے ایسٹ زون وائٹس ،نارتھ زون وائٹس نے ویسٹ زون وائٹس اورویسٹ زون بلوز نے ایسٹ زون بلوز کوشکست سے دوچار کیا

ہفتہ 10 نومبر 2018 14:18

ایل آرسی اے انٹر زونل انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انٹر زونل انڈر 19ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے تیسرے رائونڈ میں مزید تین میچز کافیصلہ ہوگیا ہے ۔ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں نارتھ زون بلوز نے ایسٹ زون وائٹس کو 42رنز سے شکست دی ۔نارتھ زون بلوز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 40اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 270رنز بنائے ۔

سعد خان نے 123اور محمد حماد نے 109رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ محمد ارسلان نے 2وکٹیں حاصل کیں ۔جواب میں ایسٹ زون وائٹس کی ٹیم228رنزپر پویلین لو ٹ گئی ۔محمد ارسلان نے 65اور محمد حسن نے 35رنز کی نمایاں اننگ کھیلی ۔ اتفاق ایل آر سی اے گرائونڈ میں نارتھ زون وائٹس نے ویسٹ زون وائٹس کو 6وکٹوں سے زیر کیا ۔

(جاری ہے)

ویسٹ زون وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 40اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنائے ۔

حمزہ اشرف نے 33اور یاسین خان نے 31رنز بنائے ۔محمد عامر اور مستنصر نصیر نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔نارتھ زون وائٹس نے ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔عرفان عابد نے 62اور ایان علی نے 51رنز بنائے ۔یاسین خان اور ابو بکر نے 2،2وکٹیں حاصل کیں ۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں منعقدہ تیسرے میچ میں ویسٹ زون بلوز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ایسٹ زون بلوز کو 1وکٹ سے شکست دی ۔

ایسٹ زون بلوز نے پہلے کھیل کر تمام وکٹوں کے نقصان پر 120رنز بنائے ۔ہاشم الرحمن 38اور محمد عمیر 37رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔نعمت اللہ نے 3، اسامہ صادق، ذیشان علی اور رانا کاشف نے 2،2وکٹیں حاصل کیں ۔ویسٹ زون بلوز نے ہدف 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ علی رضا نے 53رنز کی نمایاں اننگ کھیلی ۔فیضان رسول نے 5اور ہاشم الرحمن نے 3وکٹیں حاصل کیں ۔