ایک ارب 28 کروڑ کی لاگت سے کینال روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کیلئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا

منگل 13 نومبر 2018 00:40

فیصل آباد ۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) حکومت پنجاب کے میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت ایک ارب 28 کروڑ کی لاگت سے کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیر کے ابتدائی کام کا آغاز کر دیا گیا جس میں مزید پیش رفت کے لئے انتظامی و مالیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر نے موقع پر منصوبے کے ڈیزائن اور اب تک کی محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیا ۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے اصغر علی ‘ ڈائریکٹر نیسپاک امجد سعید ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد سعید اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کے انتظامی و فنی پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر کے حوالے سے درپیش چیلنجز کا پیشگی بنیادوںپر ادراک کر لیا جائے تاکہ تعمیراتی مراحل میں عوام کے لئے زیادہ مشکلات پیدا نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریفک کے متبادل انتظامات اور کشمیر پل پر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انڈر پاس کا یہ منصوبہ شہری ترقی کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے جو اس مقام پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے حل کے لئے ناگزیر ہے لہذا اس منصوبے پر موثر عملدرآمد کے لئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی جائے گی جس کے تحت حکومت پنجاب سے خاطر خواہ فنڈز کے حصول کیلئے اقدامات کریں گے تاکہ یہ منصوبہ بلاتعطل مکمل ہو سکے۔

انہوں نے ایف ڈی اے اور نیسپاک کے افسران سے کہا کہ وہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے تمام تر ضروری تقاضوں کو مکمل کر لیں اور مزید فنڈز کے حصول کے ساتھ ہی کھودائی کا عمل شروع کر دیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تعمیر کے لئے این ایل سی نے ٹھیکہ حاصل کیا ہے ۔ مزید برآں اس انڈر پاس کی تعمیر کے لئے 2017-18 ء میں 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اور اب 2018-19ء میں 23 کروڑ روپے کے مختص فنڈز میں سے گیارہ کروڑ 29 لاکھ کے فنڈز ریلیز کئے گئے ہیں جو کہ استعمال ہو چکے ہیں ۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے اصغر علی نے بتایا کہ مکمل فنڈز کی فراہمی کی صورت میں یہ منصوبہ اگلے سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا جس میں چار میٹر لمبائی کے دو بیرلز اور 240 میٹر کے چار ریمپ تعمیر ہونگے ۔