سپریم کورٹ نے تھرکول گیسی فیکیشن پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

جمعرات 15 نومبر 2018 20:42

سپریم کورٹ نے تھرکول گیسی فیکیشن پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے تھرکول گیسی فیکیشن پراجیکٹ سے متعلق کیس میں فریقین کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کرانے پر مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ اس کیس میں کوئی التوانہیں دیا جائے گا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ا س موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ اس کیس میں آڈیٹر جنرل کی جانب سے رپورٹ آنی ہے جوابھی تک نہیں آئی ہے، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے ڈاکٹر ثمر مبارک مند سے بھی رپورٹ طلب کی تھی، اس کے بارے میں بھی بتایا جائے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہناتھا کہ تمام فریقین کا کہنا ہے کہ وہ 4 دسمبر تک حتمی رپورٹ پیش کر دیںگے، اس لئے ان کومزید مہلت دی جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگرسب کی رپورٹس آنی ہیںتوعدالت فی الوقت یہ کیس ملتوی کردیتی ہے لیکن بعد میں اس کیس میں کوئی التوا نہیں دیاجائے گا، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے متروکہ وقف املاک بورڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بڑے دنوں سے متروکہ وقف املاک کا محکمہ بغیر چیئرمین کے چل رہا ہے، یہ تواربوں روپے کی پراپرٹی کا معاملہ ہے،کوئی اورنہیںتو ڈاکٹر رمیش کمار کو ہی چیئرمین بنا دیاجائے۔

(جاری ہے)

بعدازاں کیس کی مزیدسماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔