ابوظہبی ٹیسٹ ،پاکستان کو جیت کے لیے مزید 139رنز درکار

ہنری نکولس اور واٹلنگ کی نصف سنچریاں ،یاسرا ور حسن کے 5،5شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 نومبر 2018 18:25

ابوظہبی ٹیسٹ ،پاکستان کو جیت کے لیے مزید 139رنز درکار
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18نومبر2018ء) تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈکی جانب سے دیئے گئے176رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 37رنز سکور کرلیے ہیں ۔کیویز ٹیم نے کھیل کے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز 1کھلاڑی آﺅٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی باﺅلروں کے خلاف مزاحمت کرنےوالے جیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے،وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ اور ہنری نکولس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کےلئے112رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد نکولس 55رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، کولن ڈی گرینڈ ہوم محض3رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے اور واٹلنگ59رنز بنا کر لیگ سپنر کا ہی شکار بنے جنہوں نے نیل ویگنر کو رن بنانےکا موقع دیئے بغیر اسی اوور میں کلین بولڈ کرکے 14ویں بار اننگز میں اپنی 5وکٹیں مکمل کیں ،حسن علی نے اش سوڈھی کو18رنز پر بولڈ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی اور پھر بولٹ کو آﺅٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار اننگز میں 5وکٹیں مکمل کیں،کیویز کی پوری ٹیم249رنز پر پوویلین لوٹی ،پاکستان کےلئے حسن علی اور یاسر شاہ نے 5،5وکٹیں لیں ۔

پاکستان نے کےلئے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور37رنز تک پہنچا دیا ،امام الحق 25اور حفیظ8رنز کے ساتھ کریز پر کھڑے ہیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی اور کیویز کےخلاف 74رنز کی مجموعی برتری حاصل کی تھی ۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اسی کے ہوم گراﺅنڈ پر1-0سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونےوالی ٹیسٹ سیریز1-1سے برابر رہی تھی۔دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جب کہ21 میچ ڈرا رہے۔

متعلقہ عنوان :