صوبہ بھر کی بنجرزمینوں کو پھلوں کی پیداوار کیلئے قابل استعمال بنانا ہے، شاہ فرمان

منگل 20 نومبر 2018 22:12

صوبہ بھر کی بنجرزمینوں کو پھلوں کی پیداوار کیلئے قابل استعمال بنانا ..
پشاور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت صوبے میں"فروٹس فارآل" پھلدار پودے لگانے کی مہم کے آغاز سے متعلق منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا، صوبائی وزیر ماحولیات وجنگلات اشتیاق ارمڑ، صوبائی وزیرزراعت محب اللہ خان، رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم سمیت نیشنل بینک اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے عہدیداروںسمیت دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پھلدار پودے لگانے کے حوالے سے امورپر تفصیلی غورخوض کیاگیا۔ اس مہم کے ذریعے نیشنل بینک کے تعاون سے ابتدائی طور پر پشاورکے مضافاتی علاقوں حیات آباد، ریگی للمہ اورپشاور موٹروے پر پھلدار پودے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے پھلدار پودوں کی اقسام، پودے لگانے کیلئے موزوں اراضی کی نشاندہی سمیت دیگر معاملات کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی،ٹیکنیکل کمیٹی میں محکمہ جنگلات ، زراعت اوراین ایچ اے کے نمائندے شامل ہوں گے۔

گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ ہمیں صوبہ بھر کی بنجرزمینوں کو فروٹس کی پیداوار کیلئے قابل استعمال بنانا ہے،"فروٹس فارآل" مہم سے کسی بھی شخص کو فروٹس کی کمی نہیں ہوگی اورصوبہ پھلوں کی پیداوارمیں اتنا خودکفیل ہوجائیگاکہ ہمارے فروٹس دنیا بھر میں بھیجے جاسکیں گے جس سے صوبہ کی اقتصادی صورتحال پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد "فروٹس فارآل"مہم کادائرہ کار پورے صوبے میں بڑھایاجائیگا۔ خیبرپختونخوا کی زمین پھلوں کی پیداوار میں بہت زرخیز ہے اورپھلدار پودے لگانے کیلئے ہمارے پاس وسیع رقبہ موجود ہے۔