ایبٹ آباد یونیورسٹی میں انتظامی و تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں کو بجٹ کی تیاری کے حوالہ سے تربیتی سیمینار کا انعقاد

بدھ 5 دسمبر 2018 00:20

ایبٹ آباد۔ 4 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں انتظامی و تدریسی شعبہ جات کے افسران و سربراہوں کو بجٹ کی تیاری کے حوالہ سے تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر آڈٹ اکبر خان اور ڈائریکٹر فنانس سردار غلام علی نے شرکاء کو بجٹ کی تیاری کے حوالہ سے تربیت فراہم کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ رجسٹرار ایبٹ آباد یونیورسٹی ڈاکٹر سیف الله خان سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ پری بجٹ سیمینار کے دوران شرکاء کو سمجھایا گیا کہ کیسے وہ بجٹ بنائیں اور اس حوالہ سے کن کن لوازامات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے اور ایسا بجٹ تیار کیا جائے کہ وہ ہر طرح سے جامع ہو، اور جب وہ متعلقہ حکام کو پیش جائے تو اس میں کسی بھی قسم کی خامی نہ ہو۔

(جاری ہے)

پری بجٹ سیمینار سے اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخارا حمد نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام تدریسی و انتظامی شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی، یونیورسٹی کا فوکس ریسرچ پر ہے اور یونیورسٹی اپنے وسائل سے تدریسی شعبوں کے پراجیکٹس کیلئے پیسے فراہم کرے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے تمام شرکاء کو کہا کہ وہ اس تربیت سے بھرپور استفادہ حاصل کریں اور اس تربیت کے دوران بتائی جانے والی ہدایات کی روشنی میں اپنے بجٹ کی تیاری کریں۔

انہوں نے تدریسی شعبہ جات میں جہاں جہاں لیبز نہیں ہیں ان کی لیبز بنانے اور لیبز میں اپ گریڈیشن یا دیگر لوازمات کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو سہولیات پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے تمام تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایات کی وہ اپنے اپنے شعبہ کی تمام ضروریات کو بجٹ کی تیاری کے دوران ضرور ذہن نشین رکھیں۔

متعلقہ عنوان :