برسٹل نائٹ کلب جھگڑا کیس، انگلش کرکٹرز بین سٹوکس اور ایلکس ہیلز دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے کلیئر قرار، دونوں کھلاڑیوں پر جرمانے عائد

ہفتہ 8 دسمبر 2018 17:26

برسٹل نائٹ کلب جھگڑا کیس، انگلش کرکٹرز بین سٹوکس اور ایلکس ہیلز دورہ ..
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ڈسپلنری پینل نے انگلش کرکٹرز بین سٹوکس اور ایلکس ہیلز کو برسٹل نائٹ کلب جھگڑا کیس سے کلیئر قرار دیتے ہوئے دونوں پر جرمانے عائد کر دیئے، دونوں کھلاڑی دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی گزشتہ سال ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوران برسٹل نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔

عدالت نے آل رائونڈر سٹوکس پر کرمنل چارجز عائد کئے تھے جبکہ ہیلز کو کلین چٹ دے دی گئی تھی، رواں سال اگست میں عدالت نے سٹوکس کو بھی کرمنل چارجز سے کلیئر قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔ عدالتی فیصلے کے بعد ای سی بی نے بیان جاری کیا تھا کہ اب ای سی بی ڈسپلنری پینل سٹوکس اور ہیلز کے کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 5 دسمبر کو دونوں کھلاڑی ای سی بی ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے تھے جس کے بعد عدالت نے گزشتہ روز فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو چارجرز سے کلیئر قرار دیتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کر دیئے، سٹوکس پر 30 ہزار اور ہیلز پر 17500 کے ساتھ ساتھ 10 ہزار پائونڈ جرمانہ عائد کر دیا۔ سٹوکس پہلے ہی 8 میچز کی معطلی کی سزا مکمل کر چکے ہیں جبکہ ہیلز پر چھ میچز کی پابندی لگائی گئی تھی جن میں سے دو میچز کی پابندی پوری کی تھی جبکہ بقیہ چار میچز کی معطلی کی سزا ختم کر دی گئی ہے۔

سٹوکس نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 15 ماہ میرے لئے بہت مشکل تھے لیکن آج میں بہت خوش ہوں، واقع پر شرمندہ ہوں اور اس پر انگلش سپورٹرز سے معذرت خواہ بھی ہوں، کرکٹ اور فیملی میری زندگی ہیں، واقعہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے جو طویل عرصے تک یاد رہے گا۔

متعلقہ عنوان :