درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد و کردار کی ضرورت ہے، جی سی سی اعلامیہ

پیر 10 دسمبر 2018 13:32

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) خلیج تعاون کونسل کے 39 ویں سالانہ سربراہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کونسل کے رکن ممالک کے درمیان اتحاد اور اس کے مشترکہ کردار کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

العریبیہ نیوز کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف الزیانی نے دارالحکومت الریاض میں کونسل کے اختتامی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں 7 نکات پر مشتمل اعلامیہ میں واضح کیاکہ کونسل کے مقاصد کے حصول کے لیے ایک روڈ میپ وضع کیا جائے گا جس کے تحت رکن ممالک کے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

خطے میں سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر جی سی سی کے کردار میں اضافہ کیا جائے گا۔اجلاس میں شریک جی سی سی کے رہنمائوں نے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی سمجھوتے پر جامع عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور بالخصوص مشترکہ معاشی منڈی کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا۔