سیکرٹری جنرل عرب لیگ کا جنرل اسمبلی میں حماس کی مذمت کیلئے پیش قرارداد ناکام بنائے جانے کا خیر مقدم

قرارداد کی ناکامی فلسطینی سفارتی کامیابی ہے، فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو عرب ممالک اور پوری مسلم دنیا کی غیر مشروط حمایت حاصل ہے،احمد ابو الغیط

منگل 11 دسمبر 2018 16:01

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے جنرل اسمبلی میں حماس کی مذمت میں پیش کی گئی قرارداد ناکام بنائے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطینی تحریک مزاحمت (حماس) کیخلاف پیش کی گئی قرارداد کی ناکامی فلسطینی سفارتی کامیابی ہے۔

فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو عرب ممالک اور پوری مسلم دنیا کی غیر مشروط حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

احمد ابو الغیط نے کہا کہ امریکا کی حماس کیخلاف قرارداد غیر متوازن اور من گھڑت دعووں پر مشتمل تھی۔ اس میں کئی بڑے برے سقم اور مغالطے موجود تھے۔ اس میں صہیونی ریاست کے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے ہتھکنڈوں کی مذمت کی گئی تھے۔عرب لیگ نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں امریکی قرارداد کی ناکامی اور آئرلینڈ کی فلسطینیوںکے حقوق کی حمایت میں قرارداد کی کامیابی قابل تحسین ہے۔ عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق اور ان کے منصفانہ مطالبات کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔