بہتر پیداوار کیلئے ٹنل میں ٹماٹر کی دوغلی، ہائبرڈ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

جمعرات 13 دسمبر 2018 09:30

فیصل آباد۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی شاندار فصل حاصل کرنے کیلئے ٹنل میں سالار ایف ون ، ساحل ایف ون ، نقیب کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ان اقسام کی کاشت سے ٹماٹر کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ ٹماٹر کی ٹنل میں کاشت کیلئے دو طرح کی اقسام سے استفادہ کیاجاسکتاہے جن میں ایک لمبے قد والی دوسری چھوٹے و درمیانے قد والی قسم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حالیہ تجربات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ ٹنل میں کاشت کیلئے ٹماٹر کی دوغلی یعنی ہائبرڈ اقسام زیادہ موزوں ہے۔ انہوںنے بتایاکہ ٹماٹر کی سالار ایف ون قسم عمومی کاشت کیلئے منظور کی گئی ہے جو 72 ٹن فی ایکڑ تک پیداوار دیتی ہے ۔اسی طرح ساحل ایف ون نامی لمبے قد والی امپورٹڈ قسم میں ٹماٹر کاسائز قدرے بڑا اور شکل لمبوتری دل نما ہوتی ہے اور یہ قسم بھی اچھی پیداواری صلاحیت کی حامل ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ نقیب نامی قسم چھوٹے قدکی عمومی کاشت کیلئے منظور شدہ ہے جو 21 سے 25 ٹن فی ایکڑ پیداوار دیتی ہے ۔