ماہرین زراعت کی ستمبر کاشتہ کماد کی کٹائی و پیلائی کے لیے خصوصی ہدایات جاری

منگل 18 دسمبر 2018 15:30

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) ماہرین زراعت نے ستمبر کاشتہ کماد کی کٹائی و پیلائی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں،کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں جدید سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ بعد میں انہیں کسی دقت کا سامنا نہ کرناپڑے۔ ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار کماد کی کٹائی اس وقت کریں جب فصل مکمل طور پر پک کر تیار ہوجائے اور چینی کی یافت اپنے عروج پر ہو۔

انہوںنے کہا کہ گنا سطح زمین سے ڈیڑھ انچ گہرائی سے کاٹا جائے اور اس پر موجود کھوری اور جڑیں بالکل صاف کرنی چاہئیں نیز چھلائی کے دوران آغ اتارتے وقت ساتھ ہی دوتین کچی پوریاں بھی کاٹ دینی اور بیمار و کیڑوں سے متاثرہ گنے بھی نکال کر علیحدہ کرلینے چاہئیں تاکہ بیماری صحت مند گنوں پر اثر انداز نہ ہو اور گرے پڑے سوکھے گنے صحت مند گنوں میں شامل نہ کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید بتایا کہ سیدھے کھڑے کماد میں ریکوری بہتر ہوتی ہے جبکہ گری ہوئی فصل کی ریکوری بہت کم ہوجاتی ہے اور چونکہ گری ہوئی فصل زیادہ عرصہ تک کھیت میں پڑی رہے تو وقت کے ساتھ ساتھ ریکوری کم ہوتی رہتی ہے اس لیے گری فصل کی پیلائی فوری طورپر کر نی چاہیے ۔انہوںنے مزید کہا کہ گنے کی بہتر پیداوار لینے کے لیے فصل کو گرنے سے بچانا اشد ضروری ہے۔