سی این جی سیکٹرز کو رواں ہفتے گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی،ترجمان

منگل 8 جنوری 2019 22:03

سی این جی سیکٹرز کو رواں ہفتے گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی،ترجمان
لاہور۔8 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) سی این جی سیکٹرز کو رواں ہفتے گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ ترجمان سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کے مطابق 21سے 22ہزار ملین کیوبک فٹ گیس روزانہ کی بنیاد پر سسٹم میں شامل کی جارہی ہے۔ایس این جی پی ایل کمپنی میں پنجاب،آزاد کشمیر،خیبر پختونخواہ،اسلام آبادریجنز شامل ہیں جس میں گھریلو صارفین،سی این جی اسٹیشنز،انڈسٹری اور کمرشل سیکٹر کو گیس مہیا کی جارہی ہے،تاہم گھریلو صارفین کو بلاتعطل سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

سوئی ناردرن گیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ لاہور کے بہت سے علاقوں میں سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے تاہم بعض علاقوں میں سوئی گیس کے کچھ مسائل سامنے آنے پر فوری طور پر گیس کی فراہمی کو یقینی بنایاجاتاہے۔

(جاری ہے)

رواں ہفتے سی این جی سیکٹرز کو گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ سردیوں میں ہیٹر،گیزراور کمپریسر کا استعمال بہت بڑھ جاتاہے ، صرف لاہور ریجن میں 275ملین کیوبک فٹ روزانہ کی بنیاد پر گیس مہیاکی جارہی ہے۔

سوئی گیس کا استعمال پچھلے کچھ سالوں سے بڑھاہے جس کی وجہ سے سوئی گیس کے لوڈ پر بھی اثر پڑ رھا ہے۔ترجمان کے مطابق غیرقانونی کمپریسرکی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں،سوئی گیس کی مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر غیرقانونی کمپریسر پکڑ رہی ہیں۔علاوہ ازیں سوئی گیس کی چوری کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں۔سوئی گیس قدرتی نعمت ہے صارفین بلاضرورت ہیٹر و گیزرز کے استعمال سے گریز کریں اور گیس چوری کی روک تھام میں محکمہ کا ساتھ دیں۔