ڈی سی کورنگی قرة العین کی کارکردگی مثالی ہے، تبادلہ نہ کیا جائے، کاٹی

بدھ 16 جنوری 2019 21:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے قائم مقام صدر فراز الرحمن، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا اور نائب صدر ماہین سلمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن کو ان کے عہدے پر برقرار رکھا جائے، کورنگی میں انہوں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ان کے زیر نگرانی جاری کاموں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ان کا تبادلہ نہ کیا جائے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قائم مقام صدر کاٹی فراز الرحمن نے کہا کہ ڈی سی کورنگی قرة العین میمن نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی اور صنعتکاروں کی شکایات کے ازالے کے لئے مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی سی کورنگی نے بلدیاتی اداروں اور صنعتکاروں کے مابین براہ راست روابط کے ذریعے سیوریج، صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ، ٹریفک کنٹرول اور دیگر انتظامی امور سے متعلق شکایات کے فور ازالے کا باقاعدہ ایک نظام تشکیل دیا جس کے نتیجے میں کئی اہم مسائل کے حل میں پیش رفت ممکن ہوئی۔

چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ ایسی فرض شناس اور لائق افسر کی کورنگی میں تعیناتی سے کورنگی صنعتی علاقے میں کئی اہم اور بنیاد مسائل حل ہونا شروع ہوئے، اس کارکردگی کے تسلسل کے لیے قرة العین میمن کا عہدے پر برقرار رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ صنعتی علاقے میں ان کی مثالی کاوشوں کے نتیجے میں آنے والی بہتری کے پیش نظر اور ان کی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انہیں ضلع کورنگی کی ذمہ داریوں پر برقرار رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :