فوجی عدالتوں کا قیام قومی اتفاق رائے سے کیا گیا،افتخار درانی

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام قومی اتفاق رائے سے کیا گیا۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام قومی اتفاق رائے سے کیا گیا کیونکہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے اتفاق رائے سے اس مقصد کے لیے قانون منظور کیا تھا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں نے دہشت گردوں اور ان کے حواریوں پر خوف طاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون نے پہلے ہی کرمنل جسٹس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہوا ہے اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ملک بھر سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کو یقینی بنائے جانے کے لیے فوجی عدالتوں کے دورانیے کو مذید بڑھانا پڑے گا۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ میں فوجی عدالتوں کے معاملے پر مکمل اتفاق رائے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرے گی۔