پی این سی اے نے بچوں کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دے دیئے،

ہر ہفتہ کے دن پیش کئے جانے والے پتلی تماشہ کا مقصد تفریح کے ساتھ بچوںکی تربیت کرنا ہے

منگل 22 جنوری 2019 13:18

پی این سی اے نے بچوں کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دے دیئے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے بچوں کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دے دیئے ۔ یہاں ہر ہفتہ کے دن بچوں کے لئے پتلی تماشہ پیش کیا جاتا ہے۔پتلی تماشہ پی این سی اے کے معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔یہ پروگرام خاص طور پر بچوں کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔جس کا مقصد ان کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ان کی تربیت بھی کرنا ہے۔

نیشنل پپٹ تھیٹر کے فنکار پتلی تماشہ میں پرفارم کرتے ہیں۔اس سلسلہ میں جڑواں شہروں کے تعلیمی اداروں کو بھی دعوت نامے جاری کئے جاتے ہیں۔جبکہ لیاقت باغ راولپنڈی میں بھی اس طرح کے پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔اور دیہی علاقوں میں بھی خاص طور پر اس طرح کے پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔ ان پروگراموں کے علاوہ بھی بچوں اور ایمیچور آرٹسٹوں کے لئے یہاں مختلف موضوعات پر ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ بچوں کو مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آسگیں۔سمر کی تعطیلات میں بھی سمر کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔جبکہ گاہے بگاہے ان کے لئے خصوصی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔جشن آزادی اور یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں بچوں کے لئے خاص طور پر پروگرام رکھے جاتے ہیں۔جن سے وہ نہ صرف محظوظ ہوتے ہیں بلکہ بچوں کو ان پروگراموں میں پرفارم کرنے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔

موسیقی اور ڈراٹنگ کی ورکشاپس کے علاوہ فن خطاطی کی ورکشاپس بھی منعقد کی جاتی ہیں۔جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت بھی مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔ان پروگراموں کے انعقاد کا مقصد بچوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اچھے شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت بہتر انداز میں کر سکیں۔پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں کارٹونز بنانے کی غرض سے بھی ورکشاپ منعقد کی جاچکی ہیں۔

اس طرح کی ورکشاپس میں ماہر آرٹسٹوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو بچوں کو یہ فن سیکھاتے ہیں۔ پاکستان کی معروف کارٹونسٹ نگار نذر " گوگی" کو بھی یہاں کئی مرتبہ مدعو کیا گیا ہے۔جنھوں نے بچوں کو روزمرہ اشیاء اور اردو کے حروف سے کارٹونز بنانے کی تربیت دی۔ گوگی کے سٹوڈیو میں تیار کردہ اینیمیٹڈ کارٹونز کے ذریعے انسانی زندگی کے لئے پانی کی اہمیت اور پانی ضائع ہونے سے بچانے کی بھی تعلیم دی گئی۔ اٴْنہوں نے بچوں کو پلاسٹک شاپنگ بیگز سے ماحول کو پہنچنے والے مضر اثرات سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے زمین کو مختلف آفات کا سامنا ہے۔ پی این سی اے میں آرٹ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشونماء پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔