انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت روکنے کیلئے محکمہ قانون کو سفارشات بھیجی جائیں‘ڈاکٹر یاسمین راشد

رجسٹرڈ نہ ہونے والے ہسپتالوں کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ حکیموں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہونی چاہیے‘صوبائی وزیر صحت

جمعہ 15 فروری 2019 17:13

انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت روکنے کیلئے محکمہ قانون کو سفارشات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ ہوئے بغیر انسانی اعضاء کی پیوندکاری کرنے والے ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے قانون کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔یہ فیصلہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگنزٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے بیسویں اجلاس کے دوران کیاگیاجس کی صدارت صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے صوبائی وزیر صحت پنجاب کو کارکردگی بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوںکیلئے بجٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب ہیومن آرگنزٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی نئی عمارت بنانے سمیت انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے حوالہ سے ڈاکٹرز کی ان ہائوس ٹریننگ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

صوبائی وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت روکنے کیلئے قانون کو مزید سخت کرنے کیلئے محکمہ قانون کو سفارشات بھیجی جائیں۔ ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ نہ ہونے والے ہسپتالوں کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ حکیموں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔