ڈھاکہ میں لگی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد70سے تجاوزکرگئی

50سے زائد افراد زخمی ہوئے‘ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے. مقامی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 فروری 2019 10:26

ڈھاکہ میں لگی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد70سے تجاوزکرگئی
ڈھاکہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 فروری۔2019ء) بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ کے ایک کیمیکل کے گودام میں لگی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد70سے تجاوز کرگئی ہے. ڈھاکہ کے تاریخی علاقے چاک بازار میں رہائشی عمارت کو کیمیائی گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا تھا جس میں گزشتہ شام آگ بھڑک اٹھی. بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا‘مقامی حکام نے بتایا ہے کہ آگ سے ہلاکتوں کی تعداد70سے زائد ہوگئی ہے ، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے.

بنگلہ دیش فائر سروس کے سربراہ علی احمد نے بتایا کہ اندیشہ ہے کہ آگ گیس کے سلنڈر سے لگی جس کے بعد اس نے مختلف کیمیکلز کا ذخیرہ رکھنے والی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا.

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ آگ نے چار قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جن کو کیمیائی گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا‘آگ لگنے سے علاقے میں ٹریفک جام بھی رہا‘ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ لوگوں کے لیے بچ نکلنا ناممکن تھا.

ڈھاکہ کے صدیوں پرانے علاقے چاک بازار میں انتہائی تنگ گلیاں ہیں جہاں ہر ایک انچ کے فاصلے پر رہائشی عمارتیں موجود ہیں. ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے ڈپٹی کمشنر ابراہیم خان کے مطابق متاثرین میں اس عمارت سے باہر موجود لوگ بھی شامل ہیں. اطلاعات کے مطابق بہت سے لوگ عمارت میں پھنس کر رہ گئے تھے جو باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے. واقعے میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے مقامی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے. واضح رہے کہ چاک بازار جس علاقے میں واقع ہے اسے پرانا ڈھاکہ کہا جاتا ہے جبکہ آگ سے متاثرہ عمارت میں پلاسٹک کی اشیاءکے گودام موجود ہیں.