امارات میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کو شاندار خبر سُنا دی گئی

کابینہ کی جانب سے نجی شعبے کے لیے مزید چھُٹیوں کی منظوری دے دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 مارچ 2019 12:07

امارات میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کو شاندار خبر سُنا دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 مارچ 2019ء ) اماراتی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں 2019-2020ء کے لیے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ نجی شعبے کو بھی سرکاری شعبے کے برابر یعنی 14 سرکاری چھُٹیوں کی خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان کام کے حوالے سے توازن قائم رکھنا اور مُلکی معیشت کے مختلف شعبوں کو سپورٹ کرنا ہے۔

اس فیصلے سے نجی شعبے کے لاکھوں ملازمین کو بڑی راحت مِلے گی۔ نجی شعبے کے لیے تعطیلات میں اضافے سے اب لاکھوں پرائیویٹ ملازمین اپنی تعطیلات کو اچھے انداز سے گزارنے کے لیے پہلے سے ہی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں گے اور اُنہیں سماجی روابط اُستوار کرنے میں مزید مِلے گی۔ کابینہ کے مطابق رواں سال عید الفطر کے لیے 29رمضان المبارک سے 3 شوال تک تعطیلات ہوں گی۔

(جاری ہے)

9 ذی الحج کو یومِ عرفہ کی تعطیل ہو گی جبکہ 10ذی الحج سے 12 ذی الحج تک عید الاضحی کی تعطیلات ہوں گی۔ ہجری سال 1441کے آغاز پر یکم محرم کو عام تعطیل ہو گی۔ یادگاری دِن کے موقع پر یکم دسمبر 2019ء کو مُلک بھر میں چھُٹی ہو گی ، جبکہ اس سے اگلی تاریخوں 2 اور 3 دسمبر کو بھی یومِ وطنی کی تعطیل کے موقع پر بچے ، جوان اور بوڑھے چھُٹیاں انجوائے کریں گے۔

سال 2020ء کے دوران یکم جنوری کو نئے سال کے موقع پر عام تعطیل ہو گی۔ اس کے بعد 29 رمضان سے 3 شوال تک عید الفطر کی تعطیلات ہوں گی۔ 9 ذی الحج سے 12 ذی الحج تک یومِ عرفہ اور پھر عیدالاضحی کی تعطیلات ہوں گی۔ نئے اسلامی سال کے موقع پر 23 اگست 2020ء کو بھی تعطیل ہو گی۔ اس کے بعد یکم دسمبر سے 3 دسمبر تک یادگاری دِن اور یومِ وطنی کی چھُٹیاں منائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :