آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، چیئر مین سینٹ

پائیدار ترقی کے اہداف میں صاف پانی کی فراہمی بھی ایک اہم ٹارگٹ ہے ،ہم بہت پیچھے ہیں، محمد صادق سنجرانی

جمعہ 22 مارچ 2019 13:32

آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، چیئر مین سینٹ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ جمعہ کو پانی کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ پانی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے اسکی قدر کرنا ہمارا فرض ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ صاف پانی کی فراہمی ایک اہم عالمی چیلنج ہے۔

صادق سنجرانی نے کہاکہ آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ صاف پانی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پائیدار ترقی کے اہداف میں صاف پانی کی فراہمی بھی ایک اہم ٹارگٹ ہے تاہم اس پر ہم بہت پیچھے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ اس ہدف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی کے ذریعے مل کر کوششیں کرنے ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ عالمی سطح پر حکومتوں کو مل جل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ ایک دوسرے کے تجربات کا فائدہ اٹھانا ہو گا۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ آبی وسائل کی ترقی کیلئے ایوان بالاء وفاق اور صوبائی اکائیوں کو موثر پالیسی سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سینیٹ کی آبی وسائل کے حوالے سے قائمہ کمیٹی متعلقہ شعبوں کے تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کرنے میں پیش پیش ہے۔ چیئر مین سینیٹ نے کہاکہ پانی کی کمی کے علاقوں میں آبی وسائل کے فروغ کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پینے کے پانی کے حوالے سے مرتب کی گئی پالیسوں اور قانون سازی پر عملدرآمد ضروری ہے۔