ہمیں 23مارچ کے دن کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینٹ

اگر کسی نے ہماری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو چیلنج کیا تو اس کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، صادق سنجرانی پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سلیم مانڈوی والا

جمعہ 22 مارچ 2019 18:46

ہمیں 23مارچ کے دن کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے، چیئرمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے 23 مارچ (یوم پاکستان)کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخی اعتبار سے ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے کیونکہ ہمارے آباؤ اجداد نے قائد اعظم محمد علی جناحؒکی زیر قیادت اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا اور ایک علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ہمارے مسائل بہت زیادہ ہیں اور قومی یکجہتی کو دہشت گردی ، انتہاپسندی ، غربت اور کمزور معیشت کے ہاتھوں خطرات لاحق ہیں لیکن ان سب کے باوجود ہمار ا عزم اور حوصلہ غیر متزلزل ہے۔ انہوں کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ایک ملک ہے اورہم تمام مسائل کا پٴْر امن حل چاہتے ہیں اور دنیا کو امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں لیکن اگر کسی نے ہماری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو چیلنج کیا تو اس کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے بلکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کو بھی بلند رکھا ہے اور قوم میں حب الوطنی کا ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔انہوں نے اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ ہم ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مزید پر عزم رہیں گے اور اپنی تر صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ان مسائل پر قابو پانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے جو ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والانے قوم کو مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کا سامنا مل کر کیا جائے اور ان کے حل کیلئے مل جل کر کوششیں کی جائیں۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفرالحق نے بھی قوم کو اس تاریخی دن پر مبارکباد دی۔