فوکس ویگن کے سابق سربراہ سمیت پانچ افراد پر دھوکا دہی کی فرد جرم عائد

منگل 16 اپریل 2019 11:45

ْ برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) یورپ کے سب سے بڑے کار ساز ادارے فوکس ویگن کے سابق سربراہ مارٹن ونٹرکورن اور چار دیگر افراد کے خلاف دھوکا دہی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس فرد جرم کا تعلق جرمن صنعتی گروپ فوکس ویگن کے اس ڈیزل اسکینڈل سے ہے، جس سے کئی ملین گاڑیاں متاثر ہوئی تھیں۔ یہ اسکینڈل ایک ایسے سافٹ ویئر سے متعلق تھا، جو گاڑیوں کے انجنوں سے خارج ہونے والی ماحول دشمن گیسوں کا حجم اصل سے کم بتاتا تھا۔ یوں ان گاڑیوں کو ماحول کے لیے کم نقصان دہ ظاہر کر کے فروخت کیا جاتا تھا۔ یہ فرد جرم جرمن شہر بران شوائیگ میں عائد کی گئی، جس کا اب ایک مقامی عدالت جائزہ لے رہی ہے۔