سوشل میڈیا پر خود کو خاتون ظاہر کر کے 50 نوجوانوں کو ٹھگنے والا پکڑا گیا

ملزم سوشل میڈیا پر پانچ جعلی اکاؤنٹس بناکر نوجوانوں سے پیسے اور تحائف وصول کرتا رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اپریل 2019 12:36

سوشل میڈیا پر خود کو خاتون ظاہر کر کے 50 نوجوانوں کو ٹھگنے والا پکڑا ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) پولیس نے ایک خلیجی مُلک سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس نوجوان نے خوبصورت خواتین کی تصویروں والے پانچ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنائے اور خود کو خاتون ظاہر کر کے یہ نوجوان لڑکوں سے دوستی گانٹھتا اور پھر اُن سے دوستی اور محبت کے نام پر تحائف اور ہزاروں درہم اینٹھتا رہا۔

یہ دھوکا دہی اس وقت سامنے آئی جب ایک خاتون نے اتفاقاً سوشل میڈیا پر ایک خاتون کے نام سے اکاؤنٹ دیکھا جس پر اُس کی تصویر لگی ہوئی تھی۔ خاتون نے فوری طور پر پولیس کے سائبر کرائم یونٹ کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس کی جانب سے ملزم کے اکاؤنٹ کی ایک ہفتہ تک نگرانی کی گئی۔ جس سے پتا چلا کہ نوجوان خود کو لڑکی ظاہر کر کے اپنے دِل پھینک بے وقوف عاشقوں سے ہزاروں درہم مالیت کے تحائف منگواتا رہا اور اُن سے اپنے اکاؤنٹس میں رقم بھی منتقل کرواتا رہا۔

(جاری ہے)

نوجوان گزشتہ دو سالوں کے دوران پچاس سے زائد نوجوانوں کو بے وقوف بنا کر اُن کو مالی نقصان پہنچا چکا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دھوکے باز نوجوان سماج میں اچھی شہرت کا حامل تھا اور ایک کمپنی میں اچھے عہدے پر ملازمت کر کے تنخواہ کی مد میں معقول رقم وصول کرتا تھا۔ پھر بھی زیادہ پیسے کے لالچ میں وہ ایسی اوچھی حرکتیں کرتا رہا۔