رمضان میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مکمل تعاون کرینگے‘چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کی وزیر صنعت و تجارت سے ملاقات

25شعبان سے لگنے والے رمضان بازاروں میں عوام کو اشیائے ضروریہ رعائتی نرخوں پر فراہم کریں گے ‘ میاں اسلم اقبال

پیر 22 اپریل 2019 15:57

رمضان میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مکمل تعاون کرینگے‘چیئرمین یوٹیلٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے ملاقات کی جس میں رمضان پیکج اور رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی اور رمضان پیکج کے حوالے سے یوٹیلٹی سٹورز کے ساتھ اشتراک کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔25شعبان سے شروع ہونے والے رمضان بازاروں میں عوام کو اشیائے ضروریہ رعائتی نرخوں پر فراہم کریں گے۔ رمضان بازارووں میں اشیا ء کے معیار ، مقدار اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اورکسی کو بھی غریب عوام کے حق کو چھیننے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا اشتراک بھی حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے متحرک انداز میں کام کریں گے اور تمام اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے صرف کی قیمتوں چ پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے کہا کہ رمضان المبار ک کے دوران اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔