”صبر کا پیکر“ مصباح الحق سوشل میڈیا پراپنی کیبل سروس کے خلاف پھٹ پڑے

ورلڈ کال کی کیبل سروس لامحدود عرصے سے بند،پیسے باقاعدگی سے لیے جاتے ہیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 اپریل 2019 12:22

”صبر کا پیکر“ مصباح الحق سوشل میڈیا پراپنی کیبل سروس کے خلاف پھٹ پڑے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24اپریل2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ورلڈ کال کی کیبل سروس کے خلاف سوشل میڈیا پر شکایت کی ہے،سوشل میڈیا صارف نے مصباح کی زبان پر حرف شکایت دیکھ کر کہا ہے کہ جس شخص نے 20 رنز پر3 کھلاڑی آﺅٹ ہونے کی کبھی شکایت نہیں کی اس کو بھی شکایت پر مجبور کردیا گیا۔ٹوئٹر پر ورلڈ کال کے خلاف شکایت کرتے ہوئے مصباح الحق نے لکھا کہ” انہیں ورلڈ کال کی جانب سے فراہم کی جانے والی کیبل سروس سے سخت مایوسی ہوئی ہے جو کہ بمشکل ایک ہفتہ کام کرتی ہے اور پھر لامحدود عرصے کیلئے بند ہوجاتی ہے، جتنی مرضی شکایات کرلو لیکن کوئی جواب نہیں دیا جاتا ، کسی قسم کی سروس فراہم نہ کرنے کے باوجود بھی وہ مہینے کے پورے پیسے لیتے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ ہے“۔

(جاری ہے)

ایک اور ٹویٹ میں مصباح الحق نے مزید کہا” ان کے خیال میں ورلڈ کال کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کا سٹیٹس دیکھے بغیر ہر کسی کو بہترین سروس فراہم کرے،تین بار شکایت پر ورلڈ کال والے آئے لیکن کچھ بھی کیے بغیر واپس چلے گئے اور ایسا میرے ساتھ ایک سال سے ہورہا ہے“۔
خیال رہے کہ مصباح الحق کی امیج انتہائی ٹھنڈے مزاج کے شخص کی ہے جنہوں نے2010ءمیں فکسنگ کے باعث پستیوں میں گری ہوئی قومی کرکٹ ٹیم کو سنبھالا اور انتہائی سمجھداری کے ساتھ نہ صرف ٹیم میں جاری سیاست کا خاتمہ کیا بلکہ تاریخ میں پہلی بار قومی ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بھی بنایا۔

مصباح کی اسی امیج کو مدنظر رکھتے ہوئے احسن زوار نامی ایک صارف نے کیبل سروس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ” جس شخص نے ساری عمر 20 پر 3 کھلاڑی آﺅٹ ہونے کی شکایت نہیں کی اس کو تنگ کردیا ہے تم لوگوں نے“۔
سابق قومی کپتان کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے نجی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی زونگ نے مصباح الحق کواپنی ڈیوائس کی فری ہوم ڈیلیوری کی پیش کش بھی کردی ۔