تنخواہ نہ ملنے پرقطر میں ملازمین کاشدید احتجاج، ہنگامہ اورتوڑ پھوڑ

ورلڈ کپ کے لیے مختلف سٹیڈیمز اوردیگر تنصیبات کی تعمیر کا کام کرنے والے مزدوروں کا دوحہ میں مظاہرہ

جمعرات 25 اپریل 2019 00:11

تنخواہ نہ ملنے پرقطر میں ملازمین کاشدید احتجاج، ہنگامہ اورتوڑ پھوڑ
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پر سینکڑوں انڈین اور سری لنکن مزدوروں نے مبینہ طور پرکئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج کیاہے جس کے دوران ہنگامہ ہوا اور مونڈیال کمپنی کی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے مختلف سٹیڈیمز اوردیگر تنصیبات کی تعمیر کا کام کرنے والے مزدوروں نے دوحہ میں احتجاجی مظاہرہ کیے۔

مزدوروں کو مبینہ طور پر تنخواہ کے علاوہ طبی سہولت اور بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے الزام لگایا کہ قطر کے لیبر قوانین کو پامال کرتے ہوئے ان سے دن رات کام لیا جارہا ہے۔ معاہدے کے مطابق انہیں مناسب رہائش اور کھانا فراہم نہیں کیا جارہا اور کئی ماہ سے انہیں تنخواہوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ برطانیہ میں عرب تنظیم برائے حقوق انسانی کے علاوہ افریقی تنظیم برائے انسانی حقوق اور خلیجی لیگ برائے آزادی اظہار نے مشترکہ طور پرقطر کے حکمران شیخ تمیم کے نام خطوط میں ورلڈ کپ کے لیے جاری تعمیرات میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کی پامالی پرتشویش کا اظہار کیا ہیں۔

مشترکہ مکتوب میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ کے لیے جاری تعمیرات میں اب تک 12 سو غیر ملکی کارکن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ورلڈ کپ کے لیے جاری تعمیرات میں کام کرنے والے ایک ایشیائی کارکن نے ایک جرمن نیوز چینل کو بتایا کہ وہ اوران کے ساتھی انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔