وفاقی محتسب نے عوام کی سہولت کیلئے جدید تقاضوں سے ہمکنار نئی ‘‘ایپس‘‘ متعارف کروا دی

عوام وفاقی محکمہ یا ذیلی ادارہ کے خلاف اپنے موبائل فون سے شکایت درج کروا سیکں گے

جمعہ 17 مئی 2019 12:59

وفاقی محتسب نے عوام کی سہولت کیلئے جدید تقاضوں سے ہمکنار نئی ‘‘ایپس‘‘ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) وفاقی محتسب کے ادارہ نے عوام کی سہولت کیلئے جدید تقاضوں سے ہمکنار نئی ‘‘ایپس‘‘ متعارف کروا دی ہے جس کا استعمال کر کے عوام وفاقی حکومت کے کسی بھی محکمہ یا ذیلی ادارہ کے خلاف اپنے موبائل سیٹ سے شکایت درج کروا سیکں گے۔ اس سے قبل صرف ای میل یا تحریری درخواست وفاقی محتسب کے دفاتر میں جمع ہوتی تھی جو اب بھی جاری ہے اور شکایت کنندگان اپنے مسائل اور شکایات سے متعلق درخواستیں جمع کروا رہے ہیں۔

وفاقی محتسب کے ایبٹ آباد میں قائم ریجنل دفتر کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 2 مئی 2019ء کو اس جدید سہولت کا ایوان صدر میں باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب سید طاہر شہباز اور سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر افسران کے علاوہ وسیم سجاد اور سابق وفاقی محتسب صاحبان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیاسی، سماجی اور صحافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی موجودگی میں صدر مملکت نے اس جدید سہولت کا افتتاح کیا۔

اس جدید سہولت سے عوام اپنے گھر یا کام کی جگہ سے ہی فون پر شکایت کر سکیں گے۔ وفاقی محتسب کا ادارہ ایسی شکایت کو فوری ازالہ کیلئے متعلقہ محکمہ کو بھیج دے گا اور اس کی اطلاع شکایت کنندہ کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیج دی جائے گی۔ وفاقی محتسب کے ادارہ کی طرف سے یہ ایک اہم، مفید اور جدید طریقہ کار ہے جس کی مدد سے عوام اپنے موبائل فون سے براہ راست اس ادارہ کے افسران سے رابطہ بھی کر سکتے ہیں تاکہ ان کی شکایت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

اس سے قبل بھی اس ادارہ کی طرف سے کسی بھی شکایت کنندہ کو مختلف سہولتیں میسر تھی اور وہ بغیر کسی نمائندہ یا وکیل کے اس ادارہ تک رسائی کر سکتا تھا اور اپنی شکایت متعلقہ ادارے تک پہنچا سکتا تھا، اب اسے یہ سہولت بھی حاصل ہو گئی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون سے ہی اپنے شکایت رجسٹر کروا سکتا ہے اور اس کو دفتروں کے چکر نہیں لگوانے پڑیں گے۔ واضح رہے کہ اس ادارہ میں شکایت درج کروانے کی کوئی فیس نہیں ہے اور نہ وکیل کی ضرورت ہے، شکایت دہندہ سادہ کاغذ پر اپنی در خواست اور شکایت سے متعلق ضروری دستاویزات کے ساتھ بذات خود یا وفاقی محتسب کی ویب سائٹ پر ای میل کے ذریعہ بھی اپنی شکایت درج کروا سکتا ہے، ہزارہ ڈویژن کے عوام کی سہولت کیلئے وفاقی محتسب کا ریجنل آفس ایبٹ آباد کے ضلعی حکومت کے سیکرٹریٹ بالمقابل جی پی او ایبٹ آباد کینٹ میں کام کر رہا ہے۔

اس ریجنل آفس نے گذشتہ چند ماہ میں تقریباً 1200 سے زائد شکایات نمٹائی ہیں جو وفاقی محتسب کے مختلف محکموں کے خلاف تھیں اور عوام کو جلد اور سستا انصاف مہیا کیا گیا۔