فرشتہ مہمندکوجس بے دردی سے قتل کیاگیا اس کی مثال نہیں ملتی،آفتاب شیرپائو

منگل 21 مئی 2019 22:38

فرشتہ مہمندکوجس بے دردی سے قتل کیاگیا اس کی مثال نہیں ملتی،آفتاب شیرپائو
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے اسلام آباد میں معصوم بچی فرشتہ مہمند کے اندوہناک قتل اوربے حرمتی کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور کڑی سزا دینے کا پر زور مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ سفاک قاتلوں نے معصوم اور بے گناہ بچی کوجس بے دردی سے قتل کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کیلئے ایک اندوہناک اور دردناک واقعہ ہے اور اس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔ انھوں نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کوجلد از جلد گرفتار کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔دریں اثنا آفتاب احمد خان شیرپائو نے وفاقی وزیرسردار علی محمد مہر کی اچانک وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردارعلی محمد مہر کی وفات سے شدید صدمہ پہنچا ۔انھوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی اور غم زدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرحوم کے خاندان کے دکھ درد اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔