بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں بیماری کے شکار افراد کیلئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ادویات کی فراہمی مثبت اور انسانیت دوست اقدام ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

بدھ 12 جون 2019 13:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ادویات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی کمی کے باعث بیماری کا شکار افراد کے لئے محکمہ صحت کو ادویات کی فراہمی انتہائی مثبت اور انسانیت دوست اقدام ہے، صوبائی حکومت عالمی ادارہ صحت اور دیگر غیر ملکی اداروں کو بروقت رسپانس اور شہریوں کی مدد فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے کنڑی ہیڈ ڈاکٹر مائیکل نے سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان حافظ عبدالماجد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے نمائندے ڈاکٹر دائود ریاض جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار اور ڈاکٹر خالد قمبرانی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مائیکل نے سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی کمی کے باعث بیماری کا شکار رہنے والے افراد کیلئے وافر مقدار میں ادویات فراہم کی اور متاثرہ علاقوں کے شہروں کیلئے مزید ادویات کی فراہم کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت حکومت بلوچستان حافظ عبدالماجد نے عالمی ادارہ صحت کے بلوچستان میں کئے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عالمی ادارہ صحت صوبے میں دیگر موذی امراض کے خاتمے میں بلوچستان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں صحت کی سہولت کی فراہمی میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون کی ضرورت ہے جہاں نہ صرف ادویات بلکہ ٹیکنیکل ٹیموں اور محکمہ صحت میں اصلاحات میں عالمی ادارہ صحت کی مدد درکار رہے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر صحت کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبے کے تمام اضلاع میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں محکمہ صحت اہم کردار ادا کررہا ہے تاکہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں بسنے والے افراد کو صحت کی بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی ممکن ہو اور موذی امراض کا خاتمہ ہوسکے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے شہریوں کیلئے ادویات کی فراہمی کو سراہا ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔