سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی مجلس شوریٰ کے وفد کی ڈاکٹر احمد امیربادی فراھانی کی سربراہی میں ملاقات

پیر 17 جون 2019 14:35

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی مجلس شوریٰ کے وفد کی ڈاکٹر احمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی مجلس شوریٰ کے وفد نے ڈاکٹر احمد امیربادی فراھانی کی سربراہی میں پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران مذہب ، اخوت ، ثقافت ، تاریخ اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر ایران کے ساتھ موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتاہے۔ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، خطے کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک میں قریبی تعاون ضروری ہے۔

پاکستان ایران کے ساتھ تمام سماجی و معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر اسلامی ممالک میں تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔احمد امیربادی فراھانی نے سپیکرقومی اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں سلامتی ، علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قریبی تعاون ضروری ہے۔ ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہشمند ہے۔ دہشتگردی خطے کی ترقی کے لیے بڑا خطرہ ہے اس نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔