برطانیہ کا خلیج میں دوسرا لڑاکا بحری جہاز بھیجنے کا اعلان

خلیج میں اپنے طویل المدتی قیام کے تحت ڈنکن بحری جہاز کو بھیج رہے ہیں،برطانوی وزیر خارجہ

ہفتہ 13 جولائی 2019 21:02

برطانیہ کا خلیج میں دوسرا لڑاکا بحری جہاز بھیجنے کا اعلان
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2019ء) برطانیہ نے خلیج میں اپنا دوسرا لڑاکا بحری جہاز بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈنکن نامی فوجی بحری جہاز ایران کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں بھیجا جا رہا ہے۔اس بات کا اعلان گزشتہ روز برطانیہ کے وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایک ٹی وی بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ خلیج میں اپنے طویل المدتی قیام کے تحت ڈنکن بحری جہاز کو بھیج رہے ہیں۔

برطانیہ کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران کے ساتھ براہ راست کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ لندن اور تہران کے درمیان کشیدگی اس وقت زیادہ بڑھی جب چند روز قبل برطانیہ کی جانب سے جبرالٹر پر ایک ایرانی تیل بردار جہاز کو اس شبہ کے تحت برطانیہ نے اپنی تحویل میں لیا کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کے باوجود خام تیل لے کر شام جانے کی کوشش کررہا تھا۔