روس کی جانب سے ترکی کو فضائی دفاع سے متعلق مزید ساز وسامان کی فراہمی

ْ موسم گرما کے اواخر میں 120 گائیڈڈ میزائلوں کی ایک کھیپ سمندر کے راستے ترکی پہنچے گی،عسکری ذرائع

اتوار 14 جولائی 2019 11:35

روس کی جانب سے ترکی کو فضائی دفاع سے متعلق مزید ساز وسامان کی فراہمی
استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2019ء) ترکی کی وزارت دفاع نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ روس نے فضائی راستے سے فضائی دفاع سے متعلق جدید ساز وسامان کی نئی کھیپ ترکی بھیجی ہے۔یہ پیش رفت اس ڈیل پر عمل درآمد کا حصہ ہے جس کے نتیجے میں امریکا،ترکی پر پابندیاں عائد کر دے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزارت دفاع نے جاری ایک بیان میں کہاکہ اس سلسلے میں روس کا چوتھا کارگو جہاز دارالحکومت ترکی کے نزدیک مرتد کے فضائی اڈے پر اترا۔

(جاری ہے)

اس سے ایک روز پہلے روسی فضائیہ کے اے این 124 ماڈل کے تین دیو ہیکل کارگو جہازوں نے اسی اڈے پر ساز وسامان پہنچایا تھا۔اس ڈیل کی وجہ سے ترکی میں سرمایہ کاروں کو تشویش محسوس ہو رہی ہے۔ اس لیے کہ واشنگٹن کے ساتھ ایک سال سے جاری اختلاف کے بعد اب انقرہ پر پابندیاں عائد ہونے کا امکان ہے۔ جمعے کے روز ڈالر کے مقابلے میں ترک لیرہ کی قیمت میں 1.6 فی صد کمی واقع ہوئی۔ اس طرح ایک ڈالر کی قیمت 5.7780 لیرہ ہو گئی۔ تاہم بعد ازاں لیرہ کی قدر بہتر ہو گئی۔روسی خبر رساں ایجنسی نے ایک عسکری سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ موسم گرما کے اواخر میں 120 گائیڈڈ میزائلوں کی ایک کھیپ سمندر کے راستے ترکی پہنچے گی۔