جناح ہسپتال میں مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے،ڈاکٹروقارشاہ

غریب عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،اے ایم ایس ایڈمن کی گفتگو

بدھ 17 جولائی 2019 13:47

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) اے ایم ایس ایڈمن جناح ہسپتال وقارشاہ نے کہا ہے کہ ہسپتال میں ہیپا ٹائٹس کے ہزاروں مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ غریب مریضوں کو آرتھوپیڈک، گائنی، سرجری، آنکھوں کا آپریشن اور پلاسٹک سرجری کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ مستحق افراد کے تمام اخراجات ٹرست برداشت کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ 24 گھنٹے فنکشنل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کا جدید مشینری سے کامیاب علاج کیا جاتا ہے ،ڈاکٹروقارشاہ نے کہا کہ ہسپتال میں دکھی انسانیت کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کو مکمل طور پر یقینی بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ اصل مسئلہ دیانت اور عزم کی کمی کا ہے اگر تمام وسائل صحیح معنوں میں عوام پر صرف کئے جائیں تو معاشرے کی حالت بدل سکتی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور طبی شعبے کی بہتری اور غریب عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور غریب مریضوں کا ہر طرح سے خیال رکھیں۔