جدہ: سوشل میڈیا پر حج کی خواہش ظاہر کرنے والے بزرگ انڈونیشیائی کی سُنی گئی

سعودی فرمانروا نے 94 سالہ بزرگ اور اُس کے اہلِ خانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج پر بُلا لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 جولائی 2019 13:55

جدہ: سوشل میڈیا پر حج کی خواہش ظاہر کرنے والے بزرگ انڈونیشیائی کی سُنی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جولائی 2019ء ) گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اُس نے بتایا تھا کہ وہ ساری عمر حج کی خواہش کرتا رہا ہے مگر اُس کی یہ خواہش 94 برس کا ہونے کے باوجود بھی پُوری نہیں ہو پائی۔ اس بار بھی اُسے اُمید تھی کہ شاید موت سے قبل وہ حج بیت اللہ کی اولین سعادت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے، مگر اس بار بھی اُس کی یہ حسرت کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی۔

جب مذہبی جذبات سے بھرپور یہ غمگین ویڈیو انڈونیشیا میں تعینات سعودی سفیر نے دیکھی تو اُن کا بھی دِل بھر آیا۔انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان تک بھی یہ بات پہنچائی۔سعودی سفیر عاصم القرشی نے انڈونیشین بزرگ کو اگلے روز ہی جکارتہ میں واقع سفارت خانے بُلا لیا تاکہ اُن سے مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے دوران سعودی سفیر کی تسلّی ہو گئی کہ بزرگ شہری نے اس سے قبل حج کی سعادت حاصل نہیں کی۔

تو سعودی سفیر نے بزرگ شہری کو بتایا کہ شاہ سلمان کی جانب سے اُنہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اُن کے سفر حج سے متعلق ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اس حوالے سے حج سے واپسی تک کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری شاہ سلمان حکومت کی ہو گی۔اس طرح 94 سالہ بزرگ اور اُن کے اہلِ خانہ سعودی عرب کے خرچ پر حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ سعودی مملکت میں موجودگی کے دوران اُن کے قیام و طعام اور دیگر سہولیات کا خاص طور پر بندوبست کیا جائے گا۔ اُنہیں شاہی مہمان کا درجہ حاصل ہو گا۔