فرنس آئل کی فروخت میں 43 فیصد ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 17 فیصد کمی

بدھ 7 اگست 2019 09:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2019ء) رواں کلینڈر سال 2019ء کے ابتدائی سات ماہ میں جنوری تا جولائی 2019ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 43 فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 17 فیصد کی کمی ہوئی ہے تاہم اس دوران پٹرول کی فروخت میں 3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے اعدادوشمار کے مطابق سال رواں میں جنوری تا جولائی 2019ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت 18 لاکھ 58 ہزار ٹن تک کم ہو گئی جبکہ جنوری تا جولائی 2018ء کے عرصہ میں فروخت کا حجم 32 لاکھ 32 ہزار ٹن رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال کے پہلے سات ماہ میں فرنس آئل کی فروخت میں 13 لاکھ 74 ہزار ٹن یعنی 43 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت بھی 17 فیصد کی کمی سے 48 لاکھ 90 ہزار ٹن کے مقابلہ میں 40 لاکھ 46 ہزار ٹن تک کم ہو گئی اور فروخت کے حجم میں 8 لاکھ 44 ہزار ٹن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

او سی اے سی کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں کلینڈر سال کے دوران پٹرول کی فروخت میں 3 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول کی فروخت جنوری تا جولائی 2018ء کے دوران 42 لاکھ 32 ہزار ٹن رہی تھی جو رواں سال میں جنوری تا جولائی 2019ء کے دوران 43 لاکھ 42 ہزار ٹن تک بڑھ گئی۔ اس طرح پٹرول کی فروخت میں ایک لاکھ 10 ہزار ٹن یعنی 3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :