وطن کی تعمیر کیلئے خون، پسینے، آنسو اور محنت سمیت جو بھی درکار ہوگا نچھاور کرینگے، سیف اللہ خان نیازی

بدھ 14 اگست 2019 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزرسیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر عہد کیجئے کہ کبھی اپنے کشمیری بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے، وطن کی تعمیر کے لئے خون، پسینے، آنسو اور محنت سمیت جو بھی درکار ہوگا نچھاور کریں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ کشمیر ہمارے وجود کا اہم حصہ ہے، اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن واستحکام ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئیے، یوم آزادی پر عہد کریں کہ کبھی بھی اپنے کشمیری بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے، ہم کشمیریوں کو انہیں ان کا حق دلوانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ ہم یہ بھی عہد کریں کہ اس تعفن زدہ نظام کا حصہ نہیں بنیں گے، اس بدبودارانہ نظام نے وطن عزیز کو اللہ کے عطاکردہ وسائل واوصاف سے بھرپور استفادہ کرنے سے روکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم مادر وطن کی تعمیر و نگہداشت کریں گے۔ وطن کی تعمیر کے لئے خون، پسینے، آنسو اور محنت سمیت جو بھی درکار ہوگا نچھاور کریں گے۔