ناظم الدین روڈ کا ایف سیون سیکٹر کے قریب جزوی حصہ حالیہ بارشوں سے متاثر، تعمیر و مرمت کا کام شروع کر دیا گیا

بدھ 4 ستمبر 2019 22:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) اسلام آبادکے ناظم الدین روڈ کا ایف سیون سیکٹر کے قریب جزوی حصہ پروین شاکر روڈ حالیہ بارشوں کے باعث متاثر ہوا ہے۔ سی ڈی اے ترجمان کے مطابق ناظم الدین روڈ کا یہ حصہ بارشی پانی کی نکاسی میں رکاوٹ کے باعث متاثر ہوا ہے جس پر متعلقہ شعبے کے عملے نے فوری طور پر اس حصے کے حفاظتی اقدامات کر دیئے ہیں تاکہ اس حصے کے باعث آنے جانے والی ٹریفک کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں اس حصے کے اردگرد کرب سٹون لگا دئیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ حصے کے اردگرد حفاظتی ٹیپ بھی لگا دی گئی ہے۔ اس متاثرہ حصے کی ضروری تعمیر و مرمت کا کام بھی فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور ناظم الدین روڈ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر حفاظتی اقدامات کر لئے گئے ہیں۔ حالیہ بارشوں کے باعث ناظم الدین روڈ کے اس حصے کے متاثرہونے کے بعد ٹریفک کی روانی کے لیے ناظم الدین روڈ کے متاثرہ حصے کے علاوہ باقی ماندہ روڈ استعمال کیا جا رہا ہے اور اس سے ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں ہونے دیا گیا۔ ناظم الدین روڈ کے اس حصے پر شروع ہونے والا کام آئندہ دو ہفتوں تک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ عوام الناس کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو سکے۔