رحیم یارخان، انٹرکلب ٹی ٹوئنٹی ڈسٹرکٹ کرکٹ چمپئن شپ کا فائنل قائداعظم کرکٹ کلب نے اپنے نام کرلیا

بدھ 11 ستمبر 2019 21:24

رحیم یارخان، انٹرکلب ٹی ٹوئنٹی ڈسٹرکٹ کرکٹ چمپئن شپ کا فائنل قائداعظم ..
رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے زیراہتمام انٹرکلب ٹی ٹوئنٹی ڈسٹرکٹ کرکٹ چمپئن شپ کا گرینڈ فائنل قائداعظم کرکٹ کلب اور سٹی کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیا سٹی کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

سٹی کرکٹ کلب کی جانب سے وسیم اقبال 39، جاوید اقبال 38، کمال خان کمالو 32 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، قائداعظم کرکٹ کلب کی جانب سے احمر رضا نے 3، نعمان عمر نے 2 جبکہ ثناء اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قائداعظم کرکٹ کلب نے 19.2 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قائداعظم کرکٹ کلب کی طرف سے جہانزیب خان نے 51، ثنائ اللہ نے 30جبکہ عدیل باسط نے 29 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سٹی کرکٹ کلب کی جانب سے اکمل خان، شہزاد طاہر اور زونیر لیاقت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض رانا شفیق اور اعجاز حنیف، کمنٹری کے فرائض اعظم حسین عادل جبکہ سکورر زاہد بشیر تھے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی میاں عامر شہباز تھے جبکہ ان کے ہمراہ نذیر احمد لاڑ ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر میاں طارق سرور، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عابد حسین، جنرل سیکرٹری فہد کاظم وڑائچ ودیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

مہمان خصوصی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں جس ملک کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران رہتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات دیئے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :