نابینا میاں بیوی کو ایک ہی ضلع میں ٹرانسفر نہ کرنے کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری سے جواب طلب

جمعہ 13 ستمبر 2019 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے نابینا میاں بیوی کو ایک ہی ضلع میں ٹرانسفر نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے نابینا خاتون صائمہ اور اس کے نابینا شوہر شبیر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت کو بتایاگیا کہ نابینا اسکول ٹیچرز صائمہ پھالیہ میںجبکہ اس کا اس کا نابینا شوہر شبیر احمد لاہور میں فرائض سر انجام دے رہا ہے ، دونوں کی دوبیٹیاں ہیں اور ایک ہی شہر میں ٹرانسفر نہ ہونے کی وجہ سے بیٹیوں کی پرورش میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نابینا میاں بیوی پر ویڈلاک پالیسی کا اطلاق ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ایک ہی شہر میں ٹرانسفر نہیں کی جارہی ۔ استدعاہے کہ عدالت نابینا میاں بیوی کو ایک ہی شہر میں ٹرانسفر کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب سے 16ستمبر کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔