محکمہ تعلیم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے،ڈی سی راجن پور

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:20

راجن پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راجن پور کے انتظامی افسران، اساتذہ تعلیمی معیار کو مثالی بنا نے کے لئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کارلائیں تاکہ طلباو طالبات کے مستقبل کو روشن اور قابل فخر بنانے میں مددمل سکے۔

یہ باتیں انہوں نے محکمہ تعلیم تحصیل راجن پورکے افسران کے ساتھ درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل بارے منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر راجن پورمیاں مراد حسین،پرسنل اسٹاف آفیسر عبدالرحمان ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ و مردانہ اور تحصیل راجن پور کے تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تحصیل راجن پور میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی اور مسائل کے بارے ڈیٹا بیس فوکل پرسن سلطان خان دریشک نے مکمل بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران تعلیمی اداروں کے معائنہ کے لیے اپنے دوروں کی تعداد بڑھائیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ اپنے مثبت رویہ سے طلباء وطالبات کی شخصیت سازی میں فعال کردار اداکریں۔

نامکمل سہولیات کو مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔اگر کہیں بھی کوئی مسئلہ ہو تو ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ اور بچوں کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں۔حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

متعلقہ عنوان :